کورونا کو مذاق نہ سمجھا جائے، میرے والد ڈاکٹر ہیں اور اس وقت آئی سی یو میں ہیں۔۔۔ وبا کا شکار ڈاکٹر کی بیٹی کا ویڈیو پیغام جاری

کورونا سے متاثرہ ایک ڈاکٹر نور محمد سومرو کی بیٹی نے اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ عوام کورونا وائرس کو سنجیدگی سے لیں، اسے مذاق ہرگز نہ سمجھیں۔

ڈاکٹر نور محمد سومرو کی بیٹی کا کہنا تھا کہ میرے والد ڈاکٹر ہیں اور کورونا کا شکار ہو کر اس وقت آئی سی یو میں ہیں، میرے والد کی طبیعت ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہوتی جا رہی ہے، تمام افراد اپنے بچوں اور والدین کا خیال رکھیں۔

انہوں نے بتایا کہ میرے والد بالکل صحت مند انسان تھے، انہیں کسی قسم کی کوئی بیماری نہیں تھی، انہیں ایک دم کورونا لگا جس کے بعد آج وہ آئی سی یو میں ہیں۔

واضح رہے ڈاکٹر نور محمد سول اسپتال میں کینسر وارڈ کے انچارج ہیں جو کہ اب کورونا کا شکار ہوچکے ہیں.